فلپائن پاکستان سے پچاس ہزار ٹن چاول خریدے گا

Rice

Rice

منیلا (جیوڈیسک) فلپائن نے آٹھ لاکھ ٹن سے زائد چاول درآمد کرنے کی تیاری شروع کر دی۔ پچاس ہزار ٹن چاول پاکستان سے بھی خریدے جائیں گے۔

رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رفیق سلیمان نے بتایا کہ فلپائن اپنی مقامی طلب کو پورا کرنے کے لیے چین ، بھارت اور پاکستان سے پچاس پچاس ہزار ٹن چاول خریدنے کے علاوہ تھائی لینڈ سے دو لاکھ ترانوے ہزار ٹن اور ویت نام سے بھی اتنی ہی مقدار میں چاول درآمد کرنے کا معاہدہ کرے گا۔

رائس ایکسپورٹرز کے مطابق فلپائن کی حکومت چاہتی ہے کہ چاول کی خریداری رواں سال نومبر تک مکمل ہوجائے ۔ پاکستان کی چاول کی سالانہ پیداوار ستر لاکھ ٹن ہے جبکہ ملک کی مقامی کھپت تیس لاکھ ٹن ہے۔

اضافی پیداوار برآمد کر کے سالانہ دو ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایا جاتا ہے۔