پی آئی اے کا فضائی آپریشن خطرے میں پڑنے کا خدشہ

PIA

PIA

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز میں کاک پٹ کریوکو 6 ماہ سے ادائیگیاں نہ ہونے کے باعث فضائی آپریشن خطرے میں پڑنے کا خدشہ ہو گیا ہے۔ پالپا کے صدر عامر ہاشمی نے کہا ہے کہ کاک پٹ کریو کو گزشتہ 6 ماہ سے ادائیگیاں نہیں کی گئیں۔

اب پالپا نے کپتانوں سے کہہ دیا ہے کہ ان کی مرضی ہے کہ جہاز اڑائیں یا نہ اڑائیں، کپتانوں کو غلط اقدامات سے روکا لیکن اب پانی سر سے گزرچکا ہے، ڈیڈ لائنزکے باوجود 50 فیصد ادائیگیاں نہیں کی گئیں ، ادائیگیاں نہ کی گئیں تو کپتان احتجاج کی آخری حد تک جاسکتے ہیں۔

اس سلسلے میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے ترجمان نے بتایا کہ جمعے کو رات گئے تک پی آئی اے انتظامیہ اور پالپا کے درمیان مذاکرات جاری رہے، انتظامیہ نے پالپا کے کچھ مطالبات بھی تسلیم کرلیے تاہم پالپا کا کہنا ہے۔

کہ پائلٹ اور کاک پٹ کریوکے باقی الاؤنسزکی جلد ہی ادائیگی کردی جائے، فضائی آپریشن جمعے کی رات تک معمول کے مطابق جاری رہا ، انتظامیہ نے اس حوالے سے ہفتہ کو اہم اجلاس بھی طلب کرلیا ہے جس میں واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے غور کیا جائے گا۔