کراچی (جیوڈیسک) کراچی کی فضائی حدود میں مسافر بردار طیارے میں آگ لگ گئی، کورنگی کے علاقے میں طیارے کی نچلی پرواز، لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ کراچی کی فضائی حدود سے گزرنے والے پی آئی اے کے ایک مسافر بردار طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی۔ طیارے نے شہر میں انتہائی نچلی پرواز کی جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق یہ طیارہ پی آئی اے کا تھا جو دبئی جا رہا تھا۔ طیارے میں ٹیک آف کرتے ہی آگ لگ گئی۔ سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کراچی ائیرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور فائر بریگیڈ کو طلب کر لیا گیا تاہم طیارے کو بحفاظت لینڈ کر لیا گیا ہے۔ طیارے میں موجود تمام مسافر محفوظ ہیں۔