کراچی (جیوڈیسک) ایئرپورٹ پر احتجاج کے دوران فائرنگ سے پی آئی اے کے 2 ملازمین کی ہلاکت کا مقدمہ 5 روز بعد درج کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ملیر کراچی راؤ انوار کے مطابق پی آئی اے ملازمین کے قتل کا مقدمہ ائرپورٹ تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمہ چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی سہیل بلوچ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات کی شامل کی گئی ہیں۔
مقدمہ قتل میں پرویزرشید، مشاہداللہ خان، شجاعت عظیم، ریٹائرڈ بریگیڈیئر آصف اور مقصود عرف ماما کو نامزد کیا گیا ہے، ان حکومتی شخصیات کو 120 بی کے تحت مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2 فروری کو کراچی ایئرپورٹ میں پی آئی اے ملازمین کے احتجاج کے دوران فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہوئے تھے۔