اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کے ملازمین نے نجکاری کے حوالے سے صدارتی آرڈیننس واپس نہ لینے کی صورت میں حکومت کو فلائٹ آپریشن بند کرنے کی دھمکی دے دی۔
اسلام آباد میں ہونے والے پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پی آئی اے پاکستان کا اثاثہ ہے کسی صورت فروخت نہیں ہونے دیں گے، 48 گھنٹے کے اندر پی آئی اے کی نجکاری کا صدارتی آرڈیننس واپس نہ لیا گیا تو احتجاجی تحریک کا دائرہ ملک بھرمیں پھیلادیا جائے گا جب کہ فضائی آپریشن بھی بند کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کو ایک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کردیا ہے اوراب پی آئی اے کمپنیز آرڈیننس 1984 کے تحت ایک کمپنی کے طورپرکام کرے گی۔