کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں مظاہرے کے دوران فائرنگ سے پی آئی اے کے دو ملازمین کی ہلاکت۔ ملک میں اعلیٰ ترین سطح پر واقعہ کا نوٹس لے لیا گیا۔ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی کے سربراہ پاک فوج کے بریگیڈئر رینک کے افسر ہوں گے۔
ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کا کہنا ہے کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے اور کسی کے ساتھ کوئی نا انصافی نہیں ہو گی جبکہ وہ خود بھی تفتیش میں پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔ ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی واقعہ کے ذمہ داروں کا تعین کر کے رپورٹ ڈی جی رینجرز کو پیش کریگی۔
وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف چاہتے ہیں کہ فائرنگ کے واقعے کی اصل صورتحال اور پراسراریت سامنے آئے کہیں معاملے میں خفیہ ہاتھ تو ملوث نہیں۔ پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے رینجرز پر فائرنگ کا الزام لگایا تھاجبکہ تشدد سے میڈیا کے ارکان بھی زخمی ہو گئے تھے۔