اسلام آباد (جیوڈیسک) خراب موسم کے باعث پی آئی اے کی پرواز چار گھنٹے سے مانچسٹر ائرپورٹ پر کھڑی ہے، مسافروں کو طیارے سے اترنے نہیں دیا گیا، ان کے پاس پینے کا پانی تک ختم ہو گیاہے۔
پرواز نے اسلام آباد سے لیڈز بریڈفورڈ جانا ہے۔ مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسلام آباد سے لیڈز بریڈ فورڈ جانے والی قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 775 خراب موسم کے باعث مانچسٹر میں اتاری گئی تھی۔ 300 مسافر تاحال طیارے میں ہی بیٹھے ہوئے ہیں جن میں وہیل چیئر مریض بھی شامل ہیں۔
مسافروں کو رات کا کھانا طیارے میں ہی فراہم کیا گیا تاہم کولڈ ڈرنکس اور پینے کا پانی ختم ہونے کے باعث مریض دوائی بھی نہ کھا سکے۔ پرواز اسلام آباد سے ہی تین گھنٹے تاخیر سے ہفتے کی سہ پہر 4 بجے روانہ ہوئی تھی۔ پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کو مدد فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔