پی آئی اے کی پرواز لیبیا سے 500 پاکستانی لے کر وطن واپس آ گئی

PIA

PIA

لاہور (جیوڈیسک) قومی ایئر لائن (پی آئی اے) مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستانی قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی ہے، چاہے وہ قدرتی آفات کے موقع پر ہنگامی امداد پہنچانے یا بیرون ملک سے پاکستانیوں کو وطن واپس اپنے پیاروں سے ملانے کا مرحلہ ہو، پی آئی اے نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق اس مرتبہ بھی پی آئی اے نے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی ہدایات کے مطابق لیبیا میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچانے کیلیے خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ بوئنگ747 طیارے کے ذریعے پہلی پرواز 14 اگست کی دوپہر 12 بجے تریپولی سے لاہور پہنچی جس میں500 پاکستانی وطن واپس پہنچے۔

لاہور ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ منیجر محمد عمر دراز، سٹیشن منیجر منظور حسین جونیئر، ٹکٹ آفس منیجراسرار الحق اور منیجر تعلقات عامہ اطہر حسن اعوان نے ان کو خوش آمدید کہا۔

مسافروں نے وطن واپس پہنچے پر وزیر اعظم اور پی آئی اے حکام کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنھوں نے لیبیا میں محصور پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچانے کے احکام جاری کیے اور پی آئی اے نے مشکل اور خطرناک حالات کے باوجود پروازچلا کر ہم وطنوں کو پاکستان واپس پہنچایا۔ اس سلسلے کی دوسری پروازیں بھی حکومت پاکستان کی ہدایات کے تحت لیبیا بھجوائی جائیں گی۔