پی آئی اے نے جرمنی کیلئے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دیں

PIA

PIA

لاہور (جیوڈیسک) قومی فضائی کمپنی نے جرمنی کے لئے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔ فیصلہ حج پروزوں کے لئے جہاز کی دستیابی اور مسافروں کی کمی کے باعث کیا گیا ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق رواں سیزن میں جرمنی کے روٹ پر مسافروں کی تعداد انتہائی کم ہو جاتی ہے، اس لئے خسارے سے بچنے اور ستمبر سے شروع ہونے والے حج آپریشن کے لئے جہاز کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے فیصلہ کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق حج آپریشن کے اختتام کے بعد سیزن کو دیکھتے ہوئے روٹ کی بحالی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

پی آئی اے نے حج آپریشن کے لئے طیارے لیز پر نہ لینے کے باعث پیرس اور ٹورینٹو کے روٹ پر بھی پروازوں کی تعداد میں کمی کی ہے۔ ترجمان کے مطابق روٹ کی عارضی بندش کا فیصلہ تین ماہ قبل کیا گیا تھا جبکہ دو ماہ قبل بکنگ بھی بند کر دی گئی تھی۔