اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امورکو بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کی حج پروازوں کا آغاز 27 اگست کو ہوجائے گا، کمیٹی نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کے ذریعہ 22 لاکھ روپے تک خرچ کرکے حج کرنے والوں سے دریافت کیا جائے کہ ٹیکس بھی دیتے ہیں یا نہیں۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس حافظ حمد اللہ کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ پی آئی اے کے جنرل مینیجر نوشیرواں عادل نے بتایا کہ پی آئی اے 27 اگست سے حج پروازوں کا آغاز کرے گی۔
ماہ اگست تک 16 جہاز ملنے سے جہازوں کی کمی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیرامین حسنات شاہ کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کے پیکج کا آغاز چار لاکھ ساٹھ ہزار سے ہوتا ہے جو 22 لاکھ روپے تک جاتا ہے۔
زاہد خان نے کہا کہ پرائیویٹ آپریٹرز کی بھی نگرانی کی جائے اور 22 لاکھ روپے خرچ کرکے حج کرنے والوں سے پوچھا جائے کہ وہ کتنا ٹیکس دیتے ہیں۔ کمیٹی کو یہ بھی بتایا گیا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ مارچ 2013 سے خالی ہے جس پر اب تک تقرری نہیں کی گئی ہے۔