پی آئی اے کا کابل کیلئے فلائٹ آپریشن آج پھر منسوخ

 PIA

PIA

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) افغان اتھارٹیز کی جانب سے مقامی لوگوں کا انخلا روکنے کے نئے احکامات سامنے آنے کی وجہ سے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن نے آج کا کابل فلائٹ آپریشن منسوخ کر دیا۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق آج کی کابل کیلئے تینوں پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

ایوی ایشن ذرائع کا بتانا ہےکہ افغان حکام کی جانب سے مقامی لوگوں کو کابل سے انخلا کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جس وجہ سے پہلے سے تیار فہرستوں کے مطابق مسافروں کی بورڈنگ میں دشواری کا خدشہ ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ ائیرلائن نے آج ایک دن کیلئے کابل کی تمام پروازیں منسوخ کردی ہیں جب کہ کل کی پروازوں کے حوالے سے اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کی جانب سے گزشتہ روز کیے گئے اعلان کے مطابق آج فلائٹ آپریشن کے لیے 3 پروازیں کابل جانا تھیں اس آپریشن کے لیے دو بوئنگ777 اور ایک ایئر بس 320 طیارے تیار تھے۔