کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس ملیر پر جاری “آٹھواں آل پاکستان نیشنل بنک آف پاکستان فٹ بال ٹورنامنٹ “اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہوگیا ۔گزشتہ روز کھیلے گئے 4کوارٹر فائنل میں پی آئی اے، خیبر پولیس ،کراچی یونائٹیڈ اور نیشنل بنک نے اپنے حریفوں کو شکست دیکر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ۔پہلے کوارٹر فائنل میچ میں خیبر پختونخواہ پولیس نے ایک سخت مقابلے کے بعد پاکستان اسٹل ملز کو پنالٹی ککس مرحلے میں 4-1سے شکست دیکر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا خیبر پختونخواہ پولیس کی جانب سے واجد نے کھیل کے 20ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی لیکن کھیل کے 55ویں منٹ میں نوید نے اسٹل ملز کی جانب سے گول کرکے مقابلہ بر ابر کر دیا۔
دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں پی آئی اے کی ٹیم نے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل اسٹیٹ لائف کی ٹیم کو ذیشان کے خوبصورت گول کی بدولت شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گئی مقابلہ 1-0پر ختم ہوا ۔تیسرے کوارٹر فائنل میں نوجوان اُبھرتے ہوئے کھلاڑیوں پر مشتمل کراچی یونائٹیڈ نے کوئٹہ سے آئی ہوئی مہمان ٹیم منور شہید فٹ بال کلب کو 3-1سے زیر کرکے سیمی فائنل میں جگی کنفرم کی کراچی یونائٹیڈ کی جانب سے امین ،رحیم اور فرحان نے خوبصورت گول کئے منور شہید کا واحد گول حکمت اللہ نے اسکور کیا ۔چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میچ میں نیشنل بنک کی ٹیم نے نہایت کانٹے دار مقابلے کے بعد ٹورنامنٹ کی مضبوط اور فیورٹ ٹیم بلوچ محمڈن ملیر کو پنالٹی ککس پر 4-3سے شکست دیکر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی منیجر رائل ائرپورٹ سروسز کراچی ائرپورٹ مجتبیٰ حسین سے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا اس موقع پر ٹورنامنٹ آرگنائزر ضمیر السلام ،معروف سماجی رہنماء امیر محمد خان ،شوکت خان ،منور خان اور دیگر موجودتھے ۔ان میچوں میں ریفری کے فرائض انیس اختر ،نصیر عمر ،عمر بلوچ ،خالد ممتاز جمی اور سراج الدین طالب نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر منور خان اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل بھی موجود تھے۔