کراچی (جیوڈیسک) پی آئی اے کا پائلٹ دلہن کو ایئرپورٹ پر روتا چھوڑ کر طیارہ لے گیا۔ دلہن پی آئی اے کی اےئر ہوسٹس تھی اور اپنی شادی کیلئے امریکا جارہی تھی۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 721 کو کراچی سے نیویارک جانا تھا۔
پرواز کا وقت صبح تین بجے تھا لیکن پائلٹ اور ایرہوسٹس تنازع کے سبب یہ دو گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔ ائیر لائن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی دلہن ایر ہوسٹس کو مسافر کی حیثیت سے سفر کرنا تھا۔
اس نے کیپٹن سے جمپ سیٹ کیلئے درخواست کی تھی جس پر کپتان نے کہا کہ وہ دو جمپ سیٹس میں سے ایک اپنی بھتیجی کو دے گا اور دوسری اسے۔ متعلقہ ائیر ہوسٹس کے پاس ٹیلی فون پر ہونے والی اس گفتگو کا ریکارڈ بھی موجود ہے، لیکن جب ائیر ہوسٹس اپنی والدہ کے ساتھ طیارے میں سوار ہوئی تو کپتان نے سیٹ دینے سے انکار کر دیا اور اتر جانے کا حکم دیا۔
کیبن کریو کے مطابق دلہن ائیرہوسٹس نے کپتان کو بتایا بھی کہ نیوریاک پہنچنے کے اگلے ہی دن اس کانکاح ہے۔ ذرائع کے مطابق اس کے باوجود کپتان نے مسافروں کے سامنے ائیر ہوسٹس کی بے عزتی کی اور اسے اور اس کی والدہ کو طیارے سے اتار دیا۔
دونوں کا سامان طیارے سے نکالنے میں دو گھنٹے لگ گئے۔ پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ائیر ہوسٹس کو دوسری سیٹ دی جاسکتی تھی۔ اس معاملے کو مس ہینڈل کرنے پر شفٹ منیجر کا تبادلہ اور ٹرمینل منیجر کو شو کاز جاری کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے ان افسران کو قربانی کا بکرا بنایا کیوں کہ کپتان کی اجازت کے بغیر وہ یہ نہیں کرسکتے تھے اور پی آئی اے میں طاقتور پائلٹ مافیا کے خلاف کوئی کچھ نہیں کرسکتا۔