اسلام آباد (جیوڈیسک) پی آئی اے اور پائلٹس کا تنازعہ طے کرنے کی کوششیں جاری ہیں ، اسلام آباد میں آج مذاکرات ہوں گے ، پالپا کا وفد پہنچ گیا ۔
چوتھے روز بھی متعدد پروازوں کی منسوخی نے مسافروں کو خوار کرکے رکھ دیا ۔ پی آئی اے انتظامیہ اور پالپا میں تنازعہ ابھی بھی طےنہیں ہوسکا ، تنازعہ کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں اور آج اسلام آباد میں پی آئی اے انتظامیہ اور پالپا معاملے کے حل کیلئے مذاکرات کریں گے۔
صدر پائلٹ ایسوسی ایشن عامر ہاشمی کہتے ہیں مطالبات پر بات چیت ہوگی ، مطالبات کی منظوری کی گارنٹی دی تو بریک تھرو ہوگا ۔ پی آئی اے انتظامیہ اور پالپا کے تنازعہ سے چوتھے روز بھی مسافر دربدر خوار ہو رہے ہیں۔
چار روز کے دوران اب تک 62 پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں ۔ نجی ائیرلائنز کی جانب سے کرایوں میں سو فیصد اضافے نے ہوائی سفر کرنے والوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ دوسری طرف بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی اور مسافروں کو ہوٹلوں میں ٹھہرانے کی وجہ سے پی آئی اے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔