پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین سراپا احتجاج، ہیڈ آفس میں مظاہرہ

PIA

PIA

کراچی (جیوڈیسک) پی آئی اے کے ملازمین نے قومی ایئر لائن کی مجوزہ نجکاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے حکومتی اقدام کی شدید مخالفت کی ہے۔
کراچی میں پی آئی اے کے مرکزی دفتر میں قومی ایئرلائن کے ملازمین کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے میں انجینئیرز، پائلٹس، سی بی اے یونین اور افسران کی بڑی تعداد موجود تھی۔ احتجاج کے دوران ملازمین کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی تباہی کے ذمہ داراس کے محنت کش نہیں حکومت کی غلط پالیسیاں اور انتظامیہ ہے۔

پی آئی اے کے ملازمین اس کی نج کاری کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ عدالت عظمیٰ پی آئی اے کی نج کاری کے خلاف از خود نوٹس لے۔

واضح رہے کہ حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت آئندہ چند ماہ سے اس سلسلے میں کارروائی شروع کر دی جائے گی۔