اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی ایئر لائن اور شاہین ایئر سول ایوی ایشن اتھارٹی کی اربوں روپے کی نادہندہ نکلی ، بقایا جات ادا نہ کرنے کی صورت میں ایئرلائنز کے لائسنس معطل ہونے کا امکان ہے ۔ سول ایویشن اتھارٹی کی ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹ کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ ناد دہندہ ایئرلائنز کی رپورٹ کے مطابق قومی ایئر لائن کے ذمہ 18 ارب روپے واجب الادا ہیں جبکہ شاہین ایئرلائن 2 ارب روپے کی نادہندہ ہے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ بقایا جات ادا نہ کیے گئے تو ایئرلائنز کے لائسنس معطل کیے جاسکتے ہیں ۔ شاہین ایئرلائن کے ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ ، چارٹر ایئر ٹرانسپورٹ اور ایئریل ورک لائسنسوں کی معیاد آج ختم ہوگئی ہے جبکہ پی آئی اے کو اپریل دو ہزار سولہ میں اپنے لائسنسز کی تجدید کرانا ہوگی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اتھارٹی نے نادہندہ ایئرلائنز کے لائسنس تجدید کا معاملہ ایوی ایشن ڈویژن پر چھوڑ دیا ، دوسری جانب پی آئی اے کے جی ایم دانیال گیلانی کا کہنا ہے کہ بحران کے سبب ادائگیاں نہیں ہو سکیں ۔ قومی ایئرلائن کے لائسنس معطل نہیں ہونے دیں گے ، ادائیگیاں کر دی جائینگی ۔