پی آئی اے سینئر اسٹاف ایسوسی ایشن کا علامتی دھرنا

PIA

PIA

کراچی (جیوڈیسک) پی آئی اے آفیسرز کی تنظیم سینئر اسٹاف ایسوسی ایشن نے قومی ایئرلائن کی نج کاری کے منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ 15 دن میں نج کاری سے متعلق اپنی پوزیشن واضح کرے ورنہ ملک بھر احتجاج شروع کردیا جائے گا۔ پی آئی اے سینئر اسٹاف ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی میٹنگ ہیڈ آفس کراچی میں ہوئی۔

اس موقع پر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری صفدر انجم نےکہا کہ پی آئی اے قومی اثاثہ ہے اس کی بندر بانٹ نہیں کرنے دیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور انتظامیہ ایئرلائن کے مستقبل کے فیصلوں میں ملازمین کے منتخب نمائندوں کو بھی شریک کرے۔ اجلاس کے بعد افسران نے چیئرمین آفس کے سامنے علامتی دھرنا دیا۔

اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدرعقیل صدیقی کی قیادت میں وفد نے پی آئی اے ہیڈ آفس کے دورے پر آئے قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ کے چیئرمین برائے ایوی ایشن رانا محمد حیات اور دیگر ارکان سے ملاقات کی اور انہیں پی آئی اے کی نج کاری پر ملازمین کی تشویش اور ان کے مسائل سے آگاہ کیا۔