اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ پی آئی اے میں ہڑتال کے پیش نظر متبادل پائلٹس اور عملے کا انتظام کر لیا گیا ہے جب کہ ہڑتال کرنے والے ملازمین کے پر کاٹ دیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ آج پی آئی اے کے پاس 40 جہاز ہیں لیکن اس کے باوجود ایئرلائن کا ماہانہ خسارہ 30 ارب روپے ہے، خسارہ پورا کرنے کے لیے کیا عوام کی جیبوں سے پیسے نکالے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو بہتر بنانا چاہتے ہیں، جس کے لیے مزید پیسے چاہئیں جب کہ سرمایہ کاری کے لیے لوگ تلاش کررہے ہیں، پی آئی اے ترقی کرے گا تو ملازمین کی آمدنی میں اضافہ ہوگا اور نوکریوں کو تحفظ مل جائے گا۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے وعدہ کیا ہے کہ پی آئی اے کے کسی ملازم کونہیں نکالا جائے گا تاہم جوملازم ہڑتال کرے گا اس کے پر کاٹ دیئے جائیں گے کیونکہ ملازمین کی ہڑتال سے پاکستان اور ادارے کو نقصان ہوگا تاہم ہڑتال کی صورت میں متبادل پائلٹس اور عملے کا بندوبست کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلائٹس آپریشن میں جو کوئی رکاوٹ ڈالے گا اس کے ساتھ وہی سلوک ہوگا جودشمن کے ساتھ ہونا چاہیے۔