کراچی (جیوڈیسک) عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافہ ہوتے ہی پی آئی اے نے عمرہ کرایوں میں بھی ہزاروں روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق ہے۔
رواں عمرہ سیزن کے آغاز میں پی آئی اے کا کراچی سے عمرہ کرایہ 58 ہزار چھ سو روپے تھا، جو اب بڑھ کر 70 ہزار روپے ہوگیا ہے۔ اسی طرح لاہور، اسلام آباد اور پشاور سے عمرہ کرائے 66 ہزار روپے سے بڑھ کر 77 ہزار روپے ہو گئے ہیں۔
ٹریول ایجنٹس کے مطابق ان دنوں پی آئی اے کے عمرہ کرائے دیگر تمام ایرلائنوں سے بھی زیادہ ہیں۔ عمرہ ویزے کی مدت ختم ہونے کے ڈر سے عمرہ زائرین مہنگے ٹکٹ خریدنے پر مجبور ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ عمرہ کرایوں میں اضافہ خود کار نظام کے تحت اور مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق ہے اور جب عمرہ زائرین کا رش کم ہوگا تو کرائے بھی کم ہوجائیں گے۔