کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں انسدادِ دہشت گردی کی ایک خصوصی عدالت نے پی آئی بی کالونی سے حراست میں لیے گئے دو مشتبہ افراد کو بارہ اگست تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
واضح رہے کہ ملزمان راؤ شمشاد اور یاسر کو رینجرز نے پی آئی بی کالونی میں واقع ایم کیو ایم کے سینیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی رہائشگاہ کے قریب سے حراست میں لیا تھا۔ منگل کو پولیس نے دونوں مشتبہ ملزمان شمشاد علی اور احمد یاسر کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا۔
پولیس کی جانب سے پیش کی جانے والی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان شہر کے مختلف پولیس اسٹیشنز پر درج متعدد مقدمات میں ملوث تھے۔ پولیس کی رپورٹ میں عدالت سے درخواست کی گئی تھی کہ مزید تفتیش کے لیے دونوں ملزمان کو ان کے حوالے کیا جائے۔ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج بشیر احمد کھوسو نے دونوں ملزمان کو 12 اگست تک کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا۔
خیال رہے کہ شمشاد کے خلاف دھماکا خیز مواد سے متعلق ایکٹ کی دفعہ 5/4 کے اور سندھ اسلحہ ایک کی دفعہ 23 ( 1) (اے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعہ 7 بھی شامل ہے۔ جبکہ دوسرے ملزم کو رینجرز کی شکایت پر سندھ اسلحہ ایکٹ اور انسدادِ دہشت گردی کے قانون کے تحت مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔