دھرنوں نے ملکی ترقی میں رکاوٹیں ڈالیں۔ہم نے ہمیشہ ملک کے مفاد میں بات کی

Layyah

Layyah

لیہ ( نامہ نگار) دھرنوں نے ملکی ترقی میں رکاوٹیں ڈالیں۔ہم نے ہمیشہ ملک کے مفاد میں بات کی۔ کچھ لوگوں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ہے۔ غیر آئینی اور غیر قانونی طریقوں سے حکومت کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔ ان لوگوں کا اپنا ایجنڈا نہیں۔ عوام ایسے لیڈروں سے دور رہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے لیہ سے ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن اور سابق ایم پی اے ملک عبدالشکور سواگ سے وزیر اعظم ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو خزانہ خالی اور ملک دہشتگردوں کے نرغے میں تھا۔ ہم نے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کر کے صورتحال کو کنٹرول کر لیا ہے۔

اسی طرح بلوچستان اور کراچی میں بھی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ پاکستان میں انرجی کا بحران سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ ہم نے انرجی کے بحران کے خاتمے کیلئے باقی تمام منصوبوں پر کام روک کر بہت سے ڈیم بنانے کے معاہدے کیئے۔ اور سب سے بڑا معاہدہ چائنہ کے ساتھ ہونے والا تھا کہ عین موقع پر دھرنوں کے باعث چین کے وزیر اعظم نے اپنا دورہ ملتوی کر دیا۔ جس کے باعث ملکی ترقی کو شدید دھچکا لگا۔ اگر ہمیں مدت پوری کرنے دی گئی تو ہم اس ملک کو انرجی بحران سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔

انہوں نے صاحبزادہ فیض الحسن اور ملک عبدالشکور سواگ کی مسلم لیگ (ن) کے ساتھ دیرینہ وابستگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ مسلم لیگ کا سرمایا ہیں۔ انشاء اللہ آپ کو کسی صورت بھی نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر ملکی صورتحال اور پارٹی امور بھی زیر غور آئے۔ صاحبزادہ فیض الحسن نے حلقہ NA-181 کیلئے بجلی کے منصوبے ، کروڑ فتح پور میں سوئی گیس ، کروڑ لعل عیسن میں خواتین کیلئے یونیورسٹی اور موضع مونگڑھ میں دریا کے کٹائو سے بچائو کیلئے سِپر بند کے منصوبے دئیے۔ جس پر میاں نواز شریف نے انہیں منظور کرتے ہوئے جلد فنڈنگ کی یقین دہانی کروائی۔