دھرنوں کی ڈیوٹی پر تعینات اہل کاروں کو عید پر چھٹی مل گئی

Police

Police

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں دھرنوں کی ڈیوٹی پر تعینات مختلف شہروں سے آنے والے پولیس سمیت بعض دیگر سیکورٹی اہلکاروں کو چھٹیاں دی جارہی ہیں۔

دھرنوں کا آغاز ہوا تو وزارت داخلہ کی درخواست پر اسلام آباد میں سیکورٹی کے لیے خیبر پختونخوا سے ایف سی ، پنجاب ، سندھ اور آزاد کشمیر سے پولیس اور ریلوے پولیس کی کم و بیش تیس ہزار سے زائد نفری وفاقی دارالحکومت میں تعینات کی گئی۔

ڈیڑھ ماہ بعد اب ان میں سے کچھ اہلکاروں کو چھٹیاں دے دی گئی ہیں۔ اہلکاروں کا کہنا تھا کہ عید پہ ہم گھر جارہے ہیں آٹھ تاریخ سے آئے تھے ، عید کر کے وآپس آئیں گے۔ جب وآپس جائیں گے تو بہت خوشی ہوگی۔ جنہیں چھٹی نہ ملی وہ فرض کی ادائیگی پر خوش ہیں لیکن گھر والے بھی یاد بہت آتے ہیں۔

ہمارا تعلق صوبہ سرحد سے ہے عید پہ جانا چاہتے ہیں کیونکہ ہم بھی گھر رکھتے ہیں ، بال بچے رکھتے ہیں۔ وزیرستان سے تعلق ہے ابھی دو مہینے سے گھر نہیں گیا ، ڈیوٹی دے رہا ہوں ، اپنے شوق کے ساتھ ، خواہش ہے کہ اپنا گھر چلے جائیں۔ دوسرے شہروں سےاسلام آباد آنے والے اہلکاروں کو تو چھٹی دی جارہی ہے لیکن اسلام آباد پولیس کے اہلکار تاحال چھٹی سے محروم ہیں۔