دھرنوں سے حکومتیں جاتیں تو ہم بھی خیبر پختونخوااسمبلی کے باہر ہم دھرنا دے دیتے، آفتاب شیرپاؤ

Aftab Sherpao

Aftab Sherpao

صوابی (جیوڈیسک) قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ کہتے ہیں کہ عمران خان کو چاہیئے کہ وہ دوسروں کے مینڈیٹ کا احترام کر کے 4 سال مزید انتظار کریں، دھرنوں سے حکومتیں تبدیل ہوتیں تو وہ آج ہی خیبر پختونخوا اسمبلی کے باہر ہم دھرنا دے دیتے۔

صوابی میں قومی وطن پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران آفتاب شیرپاؤ کا کہنا تھا کہ عمران خان انتخابات کے ایک سال تک کچھ نہیں بولے اور پھر انہیں دھاندلی یاد آئی، وہ پوچھتے ہیں کہ کیا دھاندلی صرف پنجاب اور سندھ میں ہوئی؟ خیبرپختونخوا میں نہیں ہوئی۔

ہم نے جمہوریت کی خاطردھرنے نہیں دیئے۔ دھرنوں سے حکومتیں تبدیل ہوجائیں تو انتخابات کی ضرورت ہی نہیں، چند لوگ سمجھتے ہیں کہ دھرنے کے زور پرحکومت ختم کردیں گے، اگر ایسا ہوتا تو وہ آج ہی خیبرپختونخوا اسمبلی کے باہر ہم دھرنا دے دیتے، ان کا کہنا تھا۔

کہ پاکستان میں جوبھی اچھاکام ہوتا ہے عمران خان کہتے ہیں کہ وہ ان کی وجہ سے ہوا ہے اور ہر خراب کام کی ذمہ داری وزیر اعظم نواز شریف پر ڈال دیتے ہیں۔ عمران خان کو چاہیئے کہ وہ دوسروں کے مینڈیٹ کا احترام کرکے 4 سال مزید انتظار کریں اگر آئندہ انتخابات میں انہیں عوام مینڈیٹ دے تو اقتدار سنبھال لیں۔

آفتاب احمد خان شیر پاؤ کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان بنانے والے نیا خیبرپختونخوا بھی نہیں بناسکے، پولیو کے سب سے زیادہ کیسز خیبرپختونخوا میں سامنے آئے ہیں، خیبرپختونخوا کے عوام صوبے میں تبدیلی کے منتظرہیں لیکن صوبے میں امن و امان کی صورت حال مزید مخدوش ہوتی جارہی ہے یہاں اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ صوبے سے سرمایہ کاری ملک کے دیگر علاقوں کی جانب منتقل ہورہی ہے۔ عوام کو ایسا نیا خیبرپختونخوا نہیں چاہئے۔