دھرنے ناانصافی کے نظام کیخلاف ردعمل ہیں: سراج الحق

Siraj-ul-Haq

Siraj-ul-Haq

پشاور (جیوڈیسک) پشاور کے خیبر بازار میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے شریعت اور جمہوریت کے ساتھ وفاداری کا ثبوت نہیں دیا۔ ہر حکومت نے کشکول توڑنے کے وعدے کئے لیکن عوام کو مزید قرضوں میں جکڑا جا رہا ہے۔

پاکستان کی قسمت کے فیصلے اسلام آباد کی بجائے امریکہ میں کئے جاتے ہیں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ اس ملک میں غریب لوگوں کو وہ سہولیات بھی میسر نہیں جو حکمرانوں کے بنگلوں میں ان کے کتوں کو ملتی ہیں۔ قائد اعظم نے یہ ملک جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے لئے نہیں بنایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نومبر میں مینار پاکستان پر تحریک پاکستان کا دوبارہ سے آغاز کریں گے۔ جماعت اسلامی پشاور نے 23 ستمبر کو بجلی کے اضافی بلوں کے خلاف واپڈا ہائوس کے سامنے دھرنا دینے اور انکم ٹیکس و سیلز ٹیکس میں اضافہ کو عدالت میں چیلنج کرنے کا بھی اعلان کیا۔