اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں صدر ایشیائی ترقیاتی بنک کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت پر رحم کرتے ہوئے دھرنے کہیں اور منتقل کیے جائیں۔ دھرنے ختم ہوتے ہی ملکی معیشت کو ہونے والے نقصانات کی تلافی کا کام کریں گے۔
غیرملکی سرمایہ کاروں کو بلانے کے لئے ملک میں امن کا ہونا ضروری ہے۔ وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے مختلف ڈیموں پر کام کر رہے ہیں۔ داسو اور دیامر بھاشا ڈیموں کی تعمیر میں ایشیائی ترقیاتی بنک تعاون کرے گا۔ صدر ایشیائی ترقیاتی بنک Takehiko Nakao کا کہنا تھا کہ توانائی اور پانی کے شعبے میں پاکستان سے تعاون کریں گے۔ دیا میر بھاشا ڈیم بجلی، آب پانی اور سیلاب پر قابو پانے کے لئے بہت اہم ہے۔
پاکستان میں کوئلے کے وسیع ذخائر ہیں جس سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔