ملتان (جیوڈیسک) وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھرنوں کی سیاست دفن ہوگئی ہے ، ماضی میں قومی دولت کو لوٹا گیا، آج قرضے معاف کرانیوالے کہہ رہے ہیں کہ احتساب ہونا چاہیئے۔
ملتان میں میٹرو بس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کراچی کے لوگوں کو بھی گرین بس کا تحفہ دیا، ہمارے شروع کئے گئے منصوبوں میں اگر ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہوجائے تو میں ذمہ دار ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دھرنوں کی سیاست کرنے والے ملک کا دھڑن تختہ کرنا چاہتے ہیں ، شہباز شریف نے کہا کہ ملتان کی میٹرو بس کوالٹی کے اعتبار سے لاہور کی بس سے بہت بہتر ہے لیکن اس کے باوجود مخالفین نے الزامات لگانے کی فیکٹریاں لگا رکھی ہیں۔
تقریب میں جاوید ہاشمی کو شریک دیکھ کر شہباز شریف خوش ہوئے اور کہا کہ جاوید ہاشمی آج تقریب میں شریک ہوئے اس بات کی دلی خوشی ہے۔