کراچی (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ’’پلڈاٹ‘‘کی رپورٹ نے ثابت کردیا ہے کہ ملک میں جماعت اسلامی ہی سب سے زیادہ جمہوری جماعت ہے اور جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس کے اندر جمہوری اقدار و روایات اور جمہوری کلچر موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے اور من گھڑت الزامات لگا کر کردار کشی کرنے والے عناصر امریکا کے دست و بازو بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اور ہر موقع پر ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور جماعت اسلامی آئینی، جمہوری اور پُرامن طریقوں کے مطابق تبدیلی کی جدو جہد پر یقین رکھتی ہے،عامۃ الناس کو اللہ کی دعوت کی طرف بلاتی ہے اور ظلم و استحصال سے پاک عدل و انصاف کے نظام کے قیام کے لیے اس کی جدو جہد جاری ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جہاد اسلام کا اہم رکن اور دین کا ستون ہے، جہاد فی سبیل اللہ کا مقصد ظلم و زیادتی کاخاتمہ اور عدل و انصاف کی فراہمی ہے،امت مسلمہ جہاد کو کسی صورت ترک نہیں کر سکتی،جہاد اور دہشت گردی میں بہت فرق ہے،انتہا پسند، سیکولر طبقہ اور امریکی لابی جہاد اور دہشت گردی کو آپس میں ملا کر اسلام کی تعلیمات اور اسلام کے پُرامن چہرے کو مسخ کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہاد فی سبیل اللہ سے کبھی بھی فساد نہیں پھیلتا بلکہ امن قائم ہو تا ہے،دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عد ل و انصاف کی فراہمی اور ظلم و زیادتی کا خاتمہ ضروری ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سیکولر طبقہ جہاد سے متعلق آیات تو قرآن شریف سے نہیں نکلوا سکتا لیکن وہ حکمرانوں پر دبائو ڈال کر تعلیمی نصاب سے جہاد سے متعلق آیات نکلوانے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہے۔