مکہ مکرمہ (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی طرف سے حجاج کرام کو رمی جمرات کے لیے جراثیم سے پاک اور پیک شدہ کنکریاں فراہم کی گئیں ہیں۔ اللہ کے مہمان آج منیٰ میں جمرہ عقبہ میں رمی جمرات کریں گے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کے قومی مرکز برائے انسداد امراض نے ایک بیان میں بتایا کہ رواںسال حج سیزن پر صحت پروٹوکول کی روشنی میں حجاج کرام سینیٹائز کی گئی جراثم سے پاک اور پیک شدہ کنکریاں فراہم کی گئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا وبا سے بچائو کے لیے اختیار کردہ میکانیزم کے مطابق رمی جمرات کے لیے حجاج کو چھوٹے چھوٹے گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ایک وقت میں ایک سے زاید گروپ کو رمی کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ رمی جمرات کے مناسک حج کی ادائی کے دوران حجاج کرام ایک دوسرے کے درمیان اڑھائی میٹر کے فاصلے پر ہوں گے۔
ہیلتھ پروٹوکول کے مطابق حجاج کرام کو رمی جمرات کے موقعے پر چہرے کو ماسک سے ڈھانپے، زیادہ سے زیادہ سینیٹائرز استعمال کرنے اور جمرات کے لیے مقرر کردہ راستوں کا استعمال کرنے کی سختی سے تاکید کی گئی ہے۔