کراچی: نجمن طلبہ اسلام کے مرکزی صدر محمد زبیر صدیقی ہزاروی نے کہا کہ حج مبرور ہزاروں سال کی تاریخ کا مظہر اور اللہ کے دین کی حقیقت کا اظہار اور مسلمانان اسلام کے لئے تربیت گاہ ہے ، عرفات کے میدان میں حضورعلیہ السلام کے دیئے ہوئے حجتہ الوداع کے تربیتی فکری و نظریاتی خطبے کو دہرا کر مسلمانان عالم کو ان کے بھولے ہوئے اسباق یاد دلائے جاتے ہیں۔
عرفات کے میدا ن میں مسلمانان عالم کے قلوب وازہان کو اسلام کی حقیقت اور یادگار تاریخ بتائی جاتی ہے، اور سیاسی و معاشرتی طور پر حج کا اجتماع پوری دنیا کے کفار کے لئے طاقت کا مظاہرہ اور ہیبت کی نشانی ہوتا ہے، عید قربان مسلمانوں کے لئے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اللہ حکم کی تعمیل اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی اللہ کے حکم کے آگے سر تسلیم خم کی سنت ہے، اور یہ سنت ہمیں ہر سال اس بات کی ذہن نشینی کراتی ہے کہ ہمیں غرور و تکبر، حرص و لالچ، نمود و نمائش اور منافقت کو چھوڑ کر خالصتاََ اللہ عزوجل کے حضور اپنی انا و ضدکو مٹا کر خود کو پیش کرنا ہوگا۔
انجمن طلبہ اسلام کے ڈویژنل و ضلعی ذمہ داران سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ حج مبرورمقدس تربیت اور عرفات کا میدان عالمی تربیت گاہ ہے،حجاج کرام کی شہادت عظیم المیہ ہے، مگر اللہ عزوجل کی مشیت پر صبر و برداشت فلسفہ قربانی کی اصل ہے، حیران ہیں کہ کس کو مبارک دی جائے، شہادت پانے والی عظیم روحوں کو یا رمی و جمرات سے فراغت پانے والے حاجیوں کو ، اللہ عزوجل کا جلال اپنی انتہا پر ہے۔
ہماری غفلتوں سے پردہ اٹھانے کے لئے گزشتہ چند سالوں کے واقعات سبق آموز ہیں، عالمگیر قوم کو اپنی غفلت سے جاگنا ہوگا،دورہ سندھ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری نبیل مصطفائی نے کہا کہ عید سے فوری پہلے دورہ سندھ کا آغاز کردیا گیا ہے ، دورے کے پہلے حصے میں تلہار، ڈوکری، حیدرآباد، گولارچی کا دورہ کیا گیا جہاں ضلعی و ڈویژنل کنونشن سے خطاب کیئے گئے، عید قربان کے حوالے سے نبیل مصطفائی نے کہا کہ قربانی کی کھالیں ورلڈ اسلامک مشن اور جمعیت علماء پاکستان کو دی جائینگی، رینجرز نے کالعدم و متنازعہ گروہوں کو اجازت دے کر شہر کے حالات خراب کرنے کی سعی کی ہے۔