مکہ (جیوڈیسک) منیٰ میں دنیا کا سب سے بڑا خیموں کا شہر بس گیا ، عازمین منیٰ پہنچنا شروع ہوگئے ، عازمین آج رات قیام کے بعد کل میدان عرفات روانہ ہو ں گے ، سعودی حکومت کی جانب سے سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
عازمین کی منیٰ آمد کے بعد آج سے مناسک حج کا آغاز ہو جائے گا ، عازمین آج رات منیٰ میں قیام کریں گے اور کل صبح میدان عرفات کے لیے روانہ ہوں گے۔میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کیا جائے گا جس کے بعد مسجد نمرہ میں مفتی اعظم حج کا خطبہ دیں گے ۔ ظہر اور عصر کی نمازیں عرفات میں اکٹھی ادا کی جائیں گی۔
سورج غروب ہوتے ہی حجاج مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے ، دس ذوالحجہ کو طلوع آفتاب کے بعد حاجی منٰی لوٹیں گے جہاں وہ بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے۔
جانور کی قربانی کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے ، حجاج خانہ کعبہ جا کر طواف زیارت کریں گے اور شکرانے کے نفل ادا کر کے منیٰ واپس لوٹ جائیں گے اور اگلے دو دن تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے۔
سعودی حکام نے حج کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے ایک لاکھ سیکورٹی اہلکار تعینات کیے ہیں جبکہ فضا میں ہیلی کاپٹر بھی مسلسل گشت کرتے رہیں گے۔