اسلام آباد (جیوڈیسک) پمز ہسپتال میں کانگو وائرس سے متاثرہ مریض جاں بحق ہو گیا۔ وائرس سے متاثرہ مزید دو مریضوں کی حالت بھی تشویشناک، دونوں کو آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔ تینوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ایبٹ آباد کے رہائشی یوسف خان، اس کے بیٹے عارف خان اور شیراز خان کو کانگو وائرس کی علامات کے ساتھ گرشتہ شب پمز ہسپتال لایا گیا۔
جہاں شیراز خان کی موت واقع ہو گئی۔ شیراز کی میت ابیٹ آباد بھیج دی گئی ہے جبکہ یوسف خان اور عارف کو ہسپتال کے علیحدہ وارڈ میں داخل کر لیا گیا ہے۔ پمز کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ نے ذرائع کو بتایا کہ تینوں مریضوں میں کانگو وائرس کی علامات ہیں۔
مریضوں کے ناک اور منہ سے خون آتا ہے اور انھیں تیز بخار ہے۔ متاثرہ مریض پیشے کے اعتبار سے قصاب ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے اور داخل مریضوں کے خون کے نمونے قومی ادارہ صحت میں بھیج دیئے گئے ہیں جبکہ وارڈ میں بھی حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ادارہ صحت کی رپورٹ آنے کے ہی کانگو وائرس کی تصدیق ہو سکے گی۔