پپری:سیوریج لائن ٹوٹنے سے گندا پانی گھروں میں داخل

Sewerage Water

Sewerage Water

کراچی (جیوڈیسک) بن قاسم کے علاقے پپری میں واقع شاہنواز گوٹھ کے گٹروں کی صفائی نہ ہونے کے باعث سیوریج لائن مختلف مقامات سے ٹوٹ گئی، گندا پانی گھروں میں داخل اور پینے کی لائن میں شامل ہو گیا۔ ہزاروں مکین گندا اور بدبودار پانی پینے پر مجبور، بچے اور عورتیں مختلف بیماریوں کاشکار ہو گئیں۔ شاہنواز گوٹھ کی گلیاں، گٹروں کا پانی کسی جھیل کا منظر پیش کررہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پپری میں واقع ہزاروں کی آبادی رکھنے والے شاہنواز گوٹھ میں آٹھ روز قبل سیوریج لائن ٹوٹنے سے پورے گوٹھ کی گلیوں میں سیوریج کا پانی چار چار فٹ کھڑا ہے

گندا پانی سیکڑوں گھروں کے اندر بھی داخل ہو گیا ہے۔ جس کے باعث روز مرہ کی زندگی سخت متاثر ہو رہی ہیں، لوگوں کی آمدورفت محدود ہو چکی ہے اور لوگ نماز پڑھنے کے لیے بھی مسجد نہیں جا رہے ہیں۔ آٹھ دن قبل ٹوٹنے والی سیوریج لائن کی تا حال مرمت نہیں ہو سکی ہے اور نہ ہی ڈی ایم سی ملیر نے لائن کی مرمت کرنے کے لیے کوئی اقدامات اٹھائے ہیں۔

جبکہ کچھ ماہ پہلے ہی شاہنواز گوٹھ کا مین روڈ کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا تھا جو اس سیوریج لائن کے ٹوٹنے کے بعد ختم ہو چکا ہے۔ لائن کا گندا پانی واٹر سپلائی لائن میں بھی مکس ہو چکا ہے اور شاہنواز گوٹھ کے مکین گندا اور بدبودار پانی پینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

گندا پانی پینے کی وجہ سے بچے اور عورتیں مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔ ہزاروں کی آبادی رکھنے والے شاہنواز گوٹھ کے مسائل حل کرنے کے لیے تاحال کسی نے بھی مکینوں سے رابطہ نہیں کیا ہے، جس کے باعث مکین سخت پریشانی کا شکار ہیں۔