گجرات : حضرت پیر محمد افضل قادری کی والدہ ماجدہ کی نماز جنازہ مرحومہ کے بڑے صاحبزادے حضرت پیر محمد اشرف القادری کی امامت میں خانقاہ نیک آباد مراڑیاں شریف گجرات میں ادا کر دی گئی۔ ملک بھر سے درگاہوں کے گدی نشینوں، مذہبی تنظیموں کے قائدین، علماء کرام، سادات عظام، ممتاز مذہبی سیاسی وسماجی شخصیات سمیت ہزار ہا خواص وعوام نے شرکت کی۔
مرحومہ کے بیٹوں مفتی محمد معروف سبحانی اور پیر مسعود قادری کے علاوہ پیر سید منور شاہ بخاری ، علامہ دلشاد حسین قادری، مولانا نور حسین، سید سجاد شاہ بخاری، مولانا محمد حیات مجددی کی قیادت میں بیرونی ممالک سے علماء کے وفود شریک ہوئے۔ شیخ الحدیث علامہ خادم حسین رضوی، ڈاکٹر اشرف آصف جلالی، پیر قاضی محمود احمد، پیر سید سجاد شاہ، پیر عمران حیدر، مولانا فاروق الحسن، پیر عارف قادری، میاں اختر علی اویسی، مولانا آصف ہزاروی، میاں تنویر احمد ،میاں صغیر احمد، علامہ راشد تنویر، مولانا انعام اللہ، صاحبزادہ غلام بشیر نقشبندی ودیگر نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کی دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
جنازہ میں ملک بھر سے عقیدت مند کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد اشرف القادری، پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ ہماری والدہ مرحومہ نے جامعہ قادریہ عالمیہ کی تعمیروترقی میں اساسی کردار ادا کیا، آپ نے اپنی اولاد کے علاوہ ہزاروں علماء ومشائخ کی پرورش فرمائی۔ آپ مستجاب الدعوات ولیہ کاملہ تھیں۔ بلامبالغہ آپ ام العلماء والمشائخ کا درجہ رکھتی ہیں۔
آپ ہمہ وقت ذکر الٰہی ودرود پاک اور تلاوت قرآن مجید میں مشغول رہتی تھیں۔ اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اس دار فانی سے رخصت ہوئی ہیں۔ شیخ الحدیث حافظ خادم حسین رضوی نے جنازہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ نے قرون اولیٰ کی مسلم خواتین کی طرح قرآن وسنت کے علوم کی اشاعت اور اعلیٰ دینی خدمات کیلئے بے مثال کردار ادا کیا۔
امت مسلمہ کومفتی اشرف القادری جیسے مفتی اعظم اور پیر افضل قادری جیسے پیشوائے اہلسنت عطا کئے۔ مرحومہ کا ختم قل 27نومبر 2016ء بروز اتوار 9بجے تا 12بجے دن خانقاہ نیک آباد مراڑیاں شریف گجرات میں منعقد ہوگا۔
Pir Mohammad Afzal Qadri Mother Funeral
محمد شبیر حسین ساہی، سیکرٹری شعبہ نشر وواشاعت نیک آباد شریف