گجرات : حضرت پیر محمد افضل قادری کی والدہ مرحومہ کا ختم قل خانقاہ نیک آباد (مراڑیاں شریف) میں پڑھا گیا، مرحومہ کے بڑے صاحبزادے حضرت مفتی اشرف القادری نے اجتماعی دعا کروائی۔ جبکہ اہم شخصیات سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
مرحومہ کے صاحبزادوں پیر معروف سبحانی، پیر مسعود قادری کے علاوہ سابق وفاقی وزیر چوہدری قمر زمان کائرہ، پیر سید فدا حسین شاہ، مولانا غفران محمود سیالوی، پیر سید علی ذولقرنین نقوی، پیر سید مختار اشرف رضوی، مولانا غلام محمد سیالوی، علامہ دلشاد حسین قادری، مولانا نور حسین قادری، علامہ حنیف طاہر، مولانا رشید ودیگر نے خطابات کئے۔
مقررین نے مرحومہ کی دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مرحومہ نے قرون اولیٰ کی مسلم خواتین کی طرح دینی خدمات کیلئے بے مثل کردار ادا کیا اور اپنے چاروں بیٹوں اور تینوں بیٹیوں کو جید عالم دین اور عالمہ دین بنایا اور امت مسلمہ کومفتی اشرف القادری اور پیر محمد افضل قادری جیسے علماء اسلام کا تحفہ دیا۔
اس موقع پر مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے اجتماعی دعائیں کی گئیں اور بہت بڑی تعداد میں قرآن مجید اور دیگر اوراد ووظائف ایصال ثواب کئے گئے۔ ختم قل کا آغاز قاری ناصر محمود ساقی نے خوبصورت آواز میں قرآن مجید کی تلاوت سے کیا جبکہ قاری خالد محمود اور شاہد اقبال نے خوبصورت آواز میں ہدیہ نعت بحضور سرور کونین ۖ پیش کیا۔
اس موقع پر خاندان کی طرف سے ان تمام احباب کا شکریہ ادا کیا گیا جو غم کے موقع پر شریک ہوئے۔ ختم قل کے موقع پر شرکاء کیلئے جامع مسجد عیدگاہ کے اندر، صحن، احاطہ دربار شریف اور نیک آباد کے لانوں میں وسیع وعریض انتظامات کئے گئے تھے۔
جبکہ خواتین کیلئے قادریہ عالمیہ یونیورسٹی میں باپردہ انتظامات تھے۔ اس موقع پر حضرت پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ ہمارا خاندان ہمیشہ دین اسلام کیلئے خدمات انجام دیتا رہے گا اور یہ سب اللہ رب ذولجلال کے فضل، رسول پاک کی نظر کرم، بزرگوں کی دعاؤں کے بعد والدین کی تربیت ہے۔
محمد شبیر حسین ساہی، سیکرٹری شعبہ نشر وواشاعت نیک آباد شریف