ترکی (جیوڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ فیتو کا ہدف صرف ترکی نہیں ہے بلکہ یہ دہشت گرد تنظیم پوری دنیا پر قبضے کی خواہش مند ہے۔
صدر ایردوان نے شہداء کے عزیزوں اور غازیوں سے صدارتی سوشل کمپلیکس میں ملاقات کی۔
تقریب سے خطاب میں فیتو کے خلاف جدوجہد پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ ابھی تک اس خونی تنظیم کا ساتھ دے رہے ہیں وہ غدار ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ سرکاری اداروں میں موجود فیتو کے اراکین کے بارے میں حکام کو مطلع کریں۔
انہوں نے کوئی خصوصی نام دئیے بغیر مغرب کو متنبہ کیا اور کہا کہ ہم بہت اچھی طرح جانتے ہیں کہ دہشتگرد تنظیمیں کہاں سے طاقت حاصل کر رہی ہیں۔
صدر ایردوان نے کہا کہ یہ بات ناگزیر ہے کہ آج جو آگ ہمیں جلا رہی ہے وہ کل آپ تک بھی پہنچے گی، آپ کو بھی جلائے گی۔ ہم نے تمام دہشتگرد تنظیموں کے خلاف جدوجہد کو اصولی شکل میں جاری رکھا ہے اور جاری رکھیں گے۔
اس ملاقات میں ایک سرپرائز بھی پیش آیا، شہداء اور غازیوں کے ساتھ ملاقات کے دوران صدارتی سوشل کمپلیکس سے جرابلس کے ساتھ رابطہ کیا گیا۔
فرات ڈھال آپریشن میں ٹینک پر فرائض ادا کرنے والے کیپٹن ایفے ترابزون نے سوشل کمپلیکس میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے رابطہ کر کے کہا کہ “ہماری یونٹیں سرحد پار بیس کے علاقے میں متعین ہو گئی ہیں۔ ملت کا دل مطمئن رہے ہماری سب چیزیں مکمل ہیں اور کسی چیز کی کمی نہیں ہے”۔
صدر ایردوان نے بھی کہا کہ ہم، تمام شہداء کے عزیز و اقارب اور غازیوں کے ساتھ سوشل کمپلیکس میں ہیں۔ جو خبریں ہمیں آپ کی طرف سے موصول ہو رہی ہیں وہ میرے لئے باعث فخر ہیں۔
خواہ سرحد پر آپ کی جدوجہد ہو خواہ جرابلس میں معتدل مخالفین کے ساتھ مل کر کی گئی جدوجہد ہو ہم پورے حالات پر بغور نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو”۔