پی کے 86 سوات اور پی ایس 35 لاڑکانہ میں ضمنی انتخابات آج ہوں گے

Elections

Elections

کراچی (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا کے حلقے پی کے 86 سوات اور سندھ کے حلقے پی ایس 35 میں ضمنی انتخابات آج ہو رہے ہیں۔ حلقہ پی کے 86 سوات میں ضمنی انتخاب کے لیے 11 امید وار میدان میں ہیں۔

تاہم اصل مقابلہ مسلم لیگ ن کے سردار خان ، تحریک انصاف کے ڈاکٹر حیدر علی خان اور جمعیت علمائے اسلام ف کے علی شاہ خان ایڈوکیٹ کے درمیان ہے۔ یہ نشست مسلم لیگ ن کے کیموس خان کی نا اہلی کے بعد خالی ہو ئی تھی۔

حلقہ پی کے 86 سوات میں ووٹروں کی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 614 ہے جن کے لئے 85 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ادھر لاڑکانہ میں سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 35 میں بھی ضمنی الیکشن آج ہورہا ہے۔

یہ نشست الیکشن کمیشن کی جانب سے دھاندلی کے الزامات پر الطاف حسین انڑ کو نااہل قرار دینے کی وجہ سے خالی ہوئی ہے۔ ضمنی انتخاب میں یہاں پیپلز پارٹی کے امیدوار سہیل انور سیال اور آزاد امیدوار شفقت حسین انڑ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔

حلقہ پی ایس 35 لاڑکانہ میں رجسٹرڈ ووٹروں کی کل تعداد ایک لاکھ 17 ہزار 175 ہے۔ یہاں 118 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے 18 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔