رمضان کا انعام ،عید الفطر جسکا نام

جوں جوں رمضان کا مہینہ اپنے اختتام کی طرف بڑھتا ہے ساری دنیا کے مسلمان عید الفطر کی خوشیاں منانے کی تیاریاں شروع کر دیتے ہیں۔ یہ تہوار روزے رکھنے کے انعام کے طورپر منایا جاتا ہے۔ مسلمان ہر سال دو عیدیں مناتے ہیں ایک عیدالفطر اور دوسری عید الضحٰی ۔ پہلی عید، عید الفطر جو رمضان کے بعد آتی ہیں اور دوسری عید، عیدالاضحٰی کی جو حج کے بعد منائی جاتی ہے اور اس دن کی یاد دلاتی ہے جب اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے ایمان کی آزمائش کی اور بعد میں انہیں اپنے بیٹے کی قربانی کرنے سے بچا لیا۔

Ramadan

Ramadan

رمضان المبارک عاجزی وانکساری کا مہینہ ہے جو مسلمانوں کو بھوک پیاس کی اس تکلیف سے روشناس کراتا ہے جو معاشرے کے کم خوش قسمت لوگ اپنی روز مرّہ زندگی میں محسوس کرتے ہیں۔ رمضان المبارک میں بھی بہت سے مسلمانوں کے ذہن میں یہی سوچ ہوتی ہے کہ اپنی ذات پر کم خرچ کیا جائے اور زیادہ سے زیادہ خیرات کی جائے۔عیدالفظر کی رات (چاند رات ) کو اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو بخشش کرتا ہے اور جتنے بندوں کی بخشش پورے رمضان میں ہوتی ہے اس سے زیادہ اس چاند رات کو ہوتی ہے۔ جب عید الفطر کی رات ہوتی ہے تو (آسمانوں میں) اس کا نام” لیلة الجائزة” (انعام کی رات ) سے لیاجاتا ہے اور جب عید کی صبح ہوتی ہے تو اللہ رب العزت فرشتوں کو تمام شہروں کی طرف بھیجتے ہیں، وہ زمین پر اتر کر تمام گلیوں (راستوں )کے سروں پر کھڑے ہو جاتے ہیں اور ایسی آوازسے، جس کوجن و انس کے سوا ہر مخلوق سنتی ہے، پْکارتے ہیں کہ اے امتِ محمدیہ ! اْس ربِ کریم کی(بارگاہ کی) طرف چلو، جو بہت زیادہ عطا کرنے والا ہے اور بڑے سے بڑے قصور کو معاف فرمانے والا ہے،پھر جب لوگ عید گاہ کی طرف نکلتے ہیں تو حق تعالی شانہ فرشتوں سے دریافت فرماتے ہیں :کیا بدلہ ہے اْس مزدور کا جو اپنا کام پورا کر چکا ہو؟وہ عرض کرتے ہیں کہ اے ہمارے معبود اور مالک ! اس کا بدلہ یہی ہے کہ اس کو اس کی مزدوری پوری پوری ادا کر دی جائے تو اللہ تعالی ارشاد فرماتے ہیں۔” فرشتو! میں تمہیں گواہ بناتا ہوں کہ میں نے ان کو رمضان کے روزوں اور تراویح کے بدلہ میں اپنی رضا اور مغفرت عطا کر دی”

عید الفطر کا دن مسلمانوں کا ایک ایسا تہوار ہے جو روزے رکھنے کا مہینہ مکمل ہونے پر خوشی کے اظہار اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کے لئے منایا جاتا ہے۔اس دن مسلمان نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سْنّت پر عمل کرتے ہیں جو انہوں نے صدیوں پہلے قائم کی تھی۔ مسلمان اس تہوار پر اکثر اپنے اور اپنے خاندان کے لوگوں کے لئے نئے کپڑے خریدتے ہیں تاکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سْنّت پر عمل کرتے ہوئے عید کی نماز بہترین کپڑوں میں ادا کریں۔ مسلمان نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سْنّت پر عمل کرتے ہوئے عید کے پہلے روز صبح اٹھتے ہی نماز پڑھنے کے لئے مسجد کا رْخ کرتے ہیں جہاں امام صاحب مختصر اور جامع خطبہ دیتے ہیں جس میں عموماً عید کے دن کی اہمیت اور فضیلیت بتائی جاتی ہے۔

اس کے بعد سارا دن بالعموم کھانے پینے کی اشیا سے لطف اندوز ہوتے اور گھر والوں اور دوستوں کے ساتھ ہنستے کھیلتے گزارتے ہیں۔عید کے دنوں میں سب سے زیادہ مزے بچوّں کے ہوتے ہیں جن پر والدین، عزیز واقارب اور دوست احباب کی طرف سے خوب نوازشات ہوتی ہیں۔ عیدی ملتی ہے اور مٹھائیاں اور تحفے دیئے جاتے ہیں۔ بچوں کو تفریح کے لئے پارک میں یا چڑیا گھر و غیرہ بھی لے جایا جاتا ہے۔ عید پر خاندانی تعلقات کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے اور رمضان المبارک میں روزے رکھنے اور عید کی مبارکباد دینے کے لئے رشتہ داروں بالخصوص بڑوں کی طرف ضرور چکر لگایا جاتا ہے۔
عید کی خوشیوں میں غیر مسلموں کا بھی شریک ہونا کوئی عجیب بات نہیں ہے۔ اکثر مسلمان خاص طور پر جو اقلیتی جگہ میں رہنے والے لوگ عید کی خوشیوں میں اپنے غیر مسلم دوستوں اور رفقا کو بھی کھلے دل سے شریک کرتے ہیں۔ بعض غیر مسلم تو کبھی کبھی اپنے مسلمان دوستوں کے ساتھ رمضان کے مہینے میں روزہ بھی رکھ لیتے ہیں ۔افطاری میں شریک ہونے کی دعوت تو غیر مسلموں کو اکثر دی جاتی ہے۔

عید کی نماز کے وقت تقریباً سبھی مساجد اپنی پوری گنجائش کی حد تک بھری ہوتی ہیں اور لوگوں کو جماعت کے ساتھ عید کی نماز پڑھنے کے لئے باہر گلی یا سڑک پر بھی صفیں باندھنی پڑھتی ہیں۔عید کا تہوار جہاں مسلمانوں کے دل میں خوشیاں بھر دیتا ہے وہاں بہت سے مسلمانوں کو ا فسوس بھی ہوتا ہے کہ نیک اعمال اور نماز روزے کے ذریعے خدا کا روحانی قرب حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنے والا ماہِ رمضان اب اختتام پذیر ہوگیا ہے۔معلوم نہیں اگلے سال زندگی ہمیں یہ موقع فراہم کرے یا نہ کرے۔

Eid Mubarak

Eid Mubarak

عیدالفطر مسلمانوں کو دنیاوی خوشی کے ساتھ ساتھ روحانی خوشی بھی دیتی ہے کیونکہ جب انسان سچے دل اور نیک نیتی کے ساتھ رمضان المبارک کے روزے رکھتا ہے اور دوسری عبادات کرتا ہے تو اس کو قلبی سکون ملتا ہے اور جب عید کا چاند نظر آتا ہے تو سب سے زیادہ خوشی کا اظہار بھی وہی کرتا ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی محنت کا پھل دیتا ہے ۔

ہماری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ رب العزت تمام مسلمانوں کے لیے اس عید کو خوشیوں اور محبت کا گہوارہ بنا دے ۔ ہمارے پاکستان کو دشمن کی میلی نظر ، دہشت گردی، بے روزگاری،بے حیائی و فحاشی اور دیگر دنیاوی برائیوں سے بچائے اور آپس میں محبت ، پیار اور خلوص بڑھائے۔ آمین (بشکریہ پی ایل آئی)

عقیل خان آف جمبر
سینئر نائب صدر کالمسٹ کونسل آف پاکستان
aqeelkhanpathan@gmail.com