اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت میڈیا کی آزادی کا ہرحال میں تحفظ کرے گی لیکن کسی کو خود ہی مدعی، وکیل اور فیصلہ ساز بننے کا اختیار حاصل نہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سابق حکومتوں کی طرح میڈیا کی آزادی پر قدغن نہیں لگانا چاہتی، جیو سے متعلق تمام معاملات پیمرا کے زیرغور ہیں اگر تبصرہ کروں گا تو پیمرا کے کام میں مداخلت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سوال پوچھنے کی آزادی جاری رہے گی، جس کا جو کام ہے اسے کرنے دیا جائے اور کوئی لاقانونیت کا راستہ اختیار کر کے موجودہ حالات میں قوم کو تقسیم نہ کیا جائے۔ میں موجودہ حالات سے چھپ نہیں رہا بلکہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے رہا ہوں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے، پی ٹی آئی پشاور میں جلسہ کر کے اپنی کارکردگی عوام کے سامنے لاتی لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ تحریک انصاف کے پاس کے پی کے میں اپنی کارکردگی دکھانے کے لئے کچھ نہیں ہے۔