اسلام آباد (جیوڈیسک) پلان آف ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں جماعت اسلامی نے فوجی عدالتوں کے قیام کی مخالفت کر دی ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس میں ہنگامی اجلاس کی وجہ سے اجلاس شام تک ملتوی کر دیا۔
وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کی زیر صدارت پلان آف ایکشن کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاوٴس میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ کی جانب سے ورکنگ گروپ کی 18 سفارشات کمیٹی کے سامنے پیش کی گئی ہیں۔ کمیٹی نے ورکنگ گروپ کی تمام سفارشات پر اتفاق کیا تاہم جماعت اسلامی کی جانب سے فوجی عدالتوں کے قیام کی تجویز کی مخالفت کی گئی۔
اجلاس میں شیریں مزاری، رحمان ملک ، مشاہد حسین سید، قمرزماں کائرہ، اکرم درانی اور بابر غوری، فرید پراچہ، صاحبزادہ طارق اللہ، صالح شاہ، افراسیاب خٹک اور عارف علوی شریک ہوئے ۔ کمیٹی کے اجلاس میں ورکنگ گروپ کے ارکان بھی شریک ہوئے۔