الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے وسطی ایشیائی ریاست قازقستان میں ایک مسافر طیارے کے حادثے پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سعودی قیادت نے قازق صدر کو بھیجے گئے تعزیتی پیغامات میں حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ بھی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایوف کو الگ الگ تعزیتی پیغامات ارسال کیے گئے ہیں جن میں سول طیارے کے حادثے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ سعودی قیادت نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کے ساتھ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
شاہ سلمان کی طرف سے بھیجے گئے تعزیتی پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ الماتے سے دارالحکومت نور سلطان جانے والےمسافر طیارے کے حادثے کے واقعے پرسعودی عرب کی قوم اور قیادت کو بھی گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ ہم مشکل کی اس گھڑی میں قازقستان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرکی دعا کے ساتھ زخمیوں کی جلد از جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف بھی قازق صدر کو بھیجے گئے تعزیتی مکتوب میں اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔