برازیل (جیوڈیسک) سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی دنیا بھر سے فٹبال کے کھلاڑی اور شائقین اس حادثے پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔
برازیل کی ایک فٹبال ٹیم کو کولمبیا لے جانے والے خصوصی طیارے کے حادثے میں حکام نے 71 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جب کہ اس کے قبل یہ تعداد 76 بتائی گئی تھی۔
یہ طیارہ بولیویا سے کولمبیا کے شہر میڈیلن جا رہا تھا کہ پیر کو دیر گئے منزل سے کچھ دیر ہی ایک پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ جہاز پر 81 افراد سوار تھے۔
زندہ بچ جانے والوں میں فٹبال کلب کے تین ارکان، ایک صحافی اور جہاز کے عملے کے دو ارکان شامل ہیں۔
فٹبال ٹیم کے گول کیپر مارکوس ڈنیلو بھی اس حادثے میں زخمی ہوئے تھے لیکن جب انھیں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تو وہ دم توڑ گئے۔
کولمبیا کے محکمہ ہوائی بازی کے سربراہ الفرڈو بوکانیگرا کا کہنا ہے کہ حکام طیارے میں برقی نظام میں خرابی پر توجہ دے رہے ہیں لیکن اس امکان کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا ہے کہ طیارے میں ایندھن ختم ہونے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔
شافاکوونس فٹبال کلب کے بورڈ کے رکن پلینیو ڈی نیس کے مطابق ٹیم کے ہیڈکوارٹر میں حادثے کے شکار ہونے والوں کے لواحقین کے لیے مرکز قائم کر دیا گیا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ “تمام کھلاڑی میڈیلن میں ہونے والے میچ کے لیے بہت پرجوش تھے اور انھوں نے مجھے بتایا کہ یہ ان کے لیے ایک خواب کے سچ ہونے جیسا ہے۔ ہم نے اس ٹیم کے ساتھ بہت کمال وقت گزارا، لیکن خواب اب ختم ہو گیا ہے۔”
جہاز پر 20 صحافی بھی سوار تھے جو کہ کوپا سوڈامریکانا کو بدھ کو ہونے والے میچ کی کوریج کے لیے جا رہے تھے۔
ان میں مختلف صحافتی اداروں بشمول فاکس اسپورٹس برازیل کے صحافی شامل تھے۔
برازیل کے صدر مائیکل تمر کا کہنا ہے حکام کو حادثے کا شکار ہونے والی ٹیم کے لواحقین کو ہر طرح کی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ان کے بقول حکومت اس سانحے سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔
طیارے کے حادثے کے بعد جنوبی امریکہ کی فٹبال فیڈریشن نے تاحکم ثانی اپنی تمام سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی دنیا بھر سے فٹبال کے کھلاڑی اور شائقین اس حادثے پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔
برازیل کے مایہ ناز فٹبالر پیلے نے ٹوئٹر پر کہا کہ برازیلین فٹبال سوگ میں ہے۔ “یہ انتہائی افسوس ناک نقصان ہے۔ میں تمام مرنے والوں کے لیے دعاگو ہیں اور میری دعائیں ان کے لواحقین کے لیے۔”
برطانیہ کا مشہور زمانہ فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے بھی اس واقعے پر دکھ کا اظہار کیا جب کہ ریال میڈرڈ کلب نے اپنی مشق ختم کر کے مرنے والوں کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
ارجنٹائن کے ماضی کے شہرہ آفاق فٹبالر ڈیاگو میراڈونا نے بھی اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔