کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی میں پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 97 افراد میں سے 74 افراد کی میتیں شناخت کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی ایسٹ نعمان صدیقی کے مطابق کراچی طیارہ حادثہ کیس میں اب تک 74 لاشوں کی شناخت ہو چکی ہے اور میتیں ورثا کے حوالے کی جا چکی ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ اس وقت ایدھی سردخانے میں 14 جب کہ چھیپا سردخانے میں 9 لاشیں موجود ہیں، 35 لاشوں کو ڈی این اے رپورٹ آنے کے بعد ورثا کے حوالے کیا گیا ہے اور ایک ڈی این اے نمونا مسترد ہوا جس کا دوبارہ نمونا لیا جائے گا۔
دوسری جانب حادثے میں جاں بحق ایک نوجوان مرزا وحید بیگ کے اہلِ خانہ اس بات سے پریشان ہیں کہ نہ تو میت ان کے حوالے کی جا رہی ہے اور نہ ہی کوئی اس بارے میں معلومات دینے کو تیار ہے۔
مرزا وحید بیگ کی بہن عنبر حسیب کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کی جانب سے کبھی ایک دفتر تو کبھی دوسرے دفتر دوڑایا جا رہا ہے، کوئی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں، اُلٹا لواحقین سے بدتمیزی کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ 22 مئی کو پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی لاہور سے کراچی آنے والی پرواز لینڈنگ سے کچھ دیر قبل ماڈل کالونی جناح گارڈن کے علاقے میں حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 97 افراد جاں بحق ہوگئے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے زیادہ ترافراد کی لاشیں جھلسی ہوئی ہیں جس کے باعث ان کی شناخت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑگیا ہے۔