سیارہ زحل کی نئی مسحور کن تصویر وائرل

Saturn

Saturn

پیساڈینا، کیلیفورنیا: ہبل خلائی دوربین نے خوبصورت سیارہ زحل (سیٹرن) کی تصویر لی ہے جسے کسی آرٹ گیلری میں لگانے والا فن پارہ قرار دیا جا سکتا ہے۔ اس تصویر میں زحل کی خوبصورتی اور اس سے حلقے بہت واضح دیکھے جا سکتے ہیں۔

تصویر دیکھ کر اس پر گمان ہوتا ہے کہ سیارہ گہری سیاہی میں تیر رہا ہے جو ہم سے کم از کم ایک ارب 36 کروڑ کلومیٹر دور ہے۔ ہبل میں نصب وائڈ فیلڈ کیمرا تھری کی مدد سے یہ تصویر 20 جون 2019ء کو لی گئی ہے۔ یہ تصویر ہبل کے ایک خاص پروگرام ’آؤٹر پلانیٹ ایٹماسفیئر لیگسی‘ یا اوپل پروجیکٹ کے تحت لی گئی ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد نظامِ شمسی کے گیسی سیاروں کا جائزہ لینا ہے تاکہ ان کی کیفیت کے بارے میں آگہی ہوسکے۔

اگرچہ مشتری پر طوفان کی خبریں آتی رہتی ہیں لیکن خود زحل پر بھی طوفانی کیفیت جاری رہتی ہے۔ اوپل پروگرام کی بدولت معلوم ہوا ہے کہ زحل کے قطب شمالی پر ایک بڑا طوفان بھی رونما ہوا تھا جو اب غائب ہوچکا ہے۔ زحل پر چھوٹے طوفان بنتے اور ختم ہوتے رہتے ہیں اور اس کے قطبین پر امونیا سے بنی برف کا انکشاف بھی ہوا ہے۔

دنیا بھر کے شائقین نے زحل کی خوبصورت تصاویر کو پسند اور شیئر کیا ہے۔ دوسری جانب ناسا نے بھی ہبل خلائی دوربین کی ٹائم لیپس ویڈیو جاری کی ہے جس میں زحل کے 60 سے زائد چاندوں میں سے چند بڑے چاندوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ ویڈیو 33 مختلف تصاویر کو دیکھ کر بنائی گئی ہیں۔