ترقیاتی منصوبے، ترجیحی کمیٹی کا اجلاس 2 تا 12 اپریل کو ہوگا

Project

Project

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں ترجیحات کے تعین اور پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت فنڈز مختص کرنے کے لیے ترجیحی کمیٹی کا اجلاس 2 اپریل کو طلب کر لیا۔

یہ اجلاس 12 اپریل تک جاری رہے گا جس میں وفاقی اور صوبائی ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں ترجیحات کا تعین کرکے منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے گی جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے سالانہ ترقیاتی منصوبے اور پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لیے سالانہ منصوبہ بندی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آئندہ ماہ کے آخری ہفتے منعقد ہوگا جبکہ سالانہ منصوبے اور پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کی حتمی منظوری دینے کیلیے قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اجلاس مئی کے آخری ہفتے میں ہوگا جبکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی دستاویزات، گرین بک اور سمریاں 20 مئی کو کابینہ کے اجلاس کے لیے تیار کی جائیں گی اور یہ سمریاں بجٹ والے دن صبح منظوری کے لیے وفاقی کابینہ میں پیش ہوں گی جہاں سے منظوری کے بعد آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔