اوچ ٹو پاور پلانٹ کا افتتاح، اندھیرے اب تھوڑے دنوں کے مہمان ہیں، وزیر اعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

ڈیرہ مراد جمالی (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اوچ ٹو پاور پلانٹ منصوبے کا افتتاح کر دیا جس سے اوچ پاور پلانٹ کی مجموعی پیداوار 990 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اوچ ٹو پاور منصوبے کا افتتاح مسرت کا باعث ہے۔

اندھیرے اب تھوڑے دنوں کے مہمان ہیں ، سستی بجلی کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔آئندہ سات سے آٹھ سال کے دوران بجلی کی پیداوار کو ملکی استعمال سے زائد تک بڑھا دینگے۔توسیعی منصوبے سے اوچ کی مجموی پیداوار 990 میگاواٹ ہوجائے گی۔ انھوں نے کہا منصوبے کی تکمیل میں اپنے دن رات ایک کرنے والے مزدور مبارکباد کے مستحق ہیں۔ سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ بجلی کے منصوبوں میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں تا کہ ملک کو اندھیروں سے نکالا جا سکے۔انھوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اولین ترجیح ہے جس پر عمل پیرا ہیں۔

اپنے دور حکومت کی بلوچستان کی اتنی خدمت کر جائیں گے جتنی ترقی پہلے کبھی نہیں ہوئی۔ بلوچستان کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا لیکن اب ایسا نہیں ہو گا۔ آئندہ تین سالوں میں بلوچستان کے ہر شہر میں گھریلو استعمال کے لیے گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں وزیر قدرتی گیس کو آگاہ کر دیا ہے۔