پودوں اور فصلوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے پلانٹ کلینکس کے قیام کا فیصلہ

Plants

Plants

فیصل آباد (جیوڈیسک) فوڈ سکیورٹی کے حصول میں کامیابی کیلئے محکمہ زراعت کی جانب سے صوبہ بھر میں پلانٹ کلینکس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نجی کمپنی اور پنجاب حکومت کے باہمی اشتراک سے ہر ضلع میں مجموعی طور پر 30 پلانٹ کلینکس قائم کئے جائیں گے۔ فیصل آباد میں 10 جبکہ تحصیل کی سطح پر 5،5 پلانٹ کلینک بنائے جائیں گے جہاں محکمہ زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کے تربیت یافتہ زرعی ماہرین کاشتکاروں کو مختلف فصلوں، سبزیوں اور پھلوں کے نقصان رساں کیڑوں کی شناخت ،بیماریوں کی تشخیص، نقصانات اور تدارک کے بارے میں رہنمائی فراہم کریں گے۔ پلانٹ کلینکس کی تربیت اور دفاتر کے قیام کے لیے 50 فیصد فنڈز پنجاب حکومت جبکہ دیگر 50 فیصد کمپنی فراہم کرے گی۔

ان کلینکس کے قیام سے مختلف فصلوں، پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور یہ فوڈ سکیورٹی کے حصول میں معاون ثابت ہوں گے۔ اس بارے میںڈاکٹر عامر رسول اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت پلانٹ پروٹیکشن و پیسٹ وارننگ نے بتایا کہ پلانٹ کلینکس کو چلانے کیلئے 6 روزہ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا جا چکا ہے۔

پلانٹ کلینکس تربیتی ورکشاپ مستقبل میں محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی استعداد کار بڑھانے میں نہایت ممدومعاون ثابت ہوگی۔پلانٹ کلینکس ماہرین کاشتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے موثر کردار ادا اور زرعی تحقیقاتی اداروں میں ہونے والی جدید زرعی ریسرچ کے نتائج سے کاشتکاروں کو مستفید کریں گے ۔