کھلاڑیوں کے عمدہ کھیل ہی سے صحت مند معاشرہ جنم لیتا ہے، عبدالعزیز خان

کراچی : سینیٹر محسن صدیقی شہید فٹ بال فیسٹیول میچوں میں الجمہوریہ فٹ بال کلب، ینگ اتحاد کورنگی اور موسیٰ الیون کریم آباد نے اپنے نام کر لیا، الجمہوریہ گرائونڈ لانڈھی میں فٹ بال فیسٹیول کے تحت کھیلے گئے پہلے میچ میں الجمہوریہ فٹ بال کلب نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد اپنے مد مقابل کورنگی نیشنل فٹ بال کلب کو 3-2سے شکست دے دی۔

جبکہ دوسرے میچ میں میزبان کلب ینگ اتحاد اور موسیٰ الیون کریم آباد کا مقابلہ 2-2گول سے برابری پر ختم ہوا اس موقع پر ینگ اتحاد فٹ بال کلب کے روح رواں بابو فیروز نے مہمان کلب موسیٰ الیون کو فاتح قرار دیا ،سینیٹر محسن صدیقی شہید فٹ بال فیسٹیول میچ کے اختتام پر تقسیم اسناد کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی ممتاز سماجی رہنماء عبدالعزیز خان نے فاتح ، رنر اَپ ٹیموں کے علاوہ میچوں میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے کپتانوں اور کھلاڑیوں میں بھی ٹرافیاں تقسیم کیں۔

اس موقع پر تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ممتاز سماجی رہنماء عبدالعزیز خان نے کہاکہ کھلاڑیوں کی عمدہ کھیل کی بدولت ہی صحت مند معاشرے کا قیام عمل میں لایا جاسکتا ہے کھلاڑی امن کے سفیر ہوتے ہیں کھیل خصوصاً فٹ بال کے کھیل کے ذریعے نوجوانوں کو اپنے جوہر دکھا نے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔

انہوں نے معروف فٹ بال سے وابستہ شخصیت با بو فیروز کو کورنگی میں فٹ بال کے فروغ اور سرپرستی کے حوالے سے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ان کی خدمات قابل تعریف ہے انہوں نے مزید کہاکہ غریبوں کے کھیل فٹ بال کو حکومتی سطح پر مکمل سرپرستی ہونی چاہیئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان با بو فیروز نے کہاکہ ینگ اتحاد فٹ بال کلب کورنگی میں عرصہ 23سال سے سینیٹر محسن صدیقی شہید کی یاد میں فٹ بال فیسٹیول کا انعقاد کرتی آرہی ہے اور انشا اللہ اسے جاری رکھا جائے گا۔

Foot Ball Tornament

Foot Ball Tornament