کراچی (جیوڈیسک) پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اور قومی ٹیم کے منیجر معین خان نے کہا ہے کہ کسی باصلاحیت کے ساتھ نا انصافی نہیں ہو گی، میڈیا لاعلمی میں بے جا تنقید کر رہا ہے، عمدہ کارکردگی کے مالک تمام کھلاڑی قابل غور سمجھے جائیں گے۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم ٹرافی میں کامیاب کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی پشاور کے اسرار اللہ، اسلام آباد کے عماد وسیم اور پریزیڈنٹ ٹرافی کے کامیاب بیٹسمین نعیم الدین سمیت کسی کھلاڑی کو نظر انداز نہیں کیا گیا ہے اور انہیں وقت آنے پر چانس دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کیمپ میں ایسے کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے جنہیں سلیکشن کمیٹی دیکھنا چاہتی ہے جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ پرفارمرز کو براہ راست کیمپ میں مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن کھلاڑیوں نے گذشتہ قومی سیزن میں کارکردگی دکھائی ہے انہیں براہ راست کیمپ میں بلایا جائے گا۔ سابق کپتان نے واضح کیا کہ قومی سلیکٹرز جن کھلاڑیوں کو دیکھنا چاہتے تھے انہیں ٹرائلز پر بلایا گیا ہے اور ان میں سے بھی کچھ کھلاڑیوں کے نام شارٹ لسٹ کئے جائیں گے البتہ جن کھلاڑیوں نے کارکردگی دکھائی ہے ان کا آٹومیٹک سلیکشن ہو گا۔
معین خان نے کہا کہ میڈیا ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور تنقید کرنے سے قبل ہمارا موقف بھی لے کیونکہ سلیکٹرز سے غلطی ہو سکتی ہے مگر وہ دانستہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کریں گے۔ ایمرجنگ کیمپ میں تمام اچھے اور عمدہ کارکردگی کے مالک پلیئرز کو مدعو کرنے کا مقصد یہ ہے کہ سلیکٹرز ٹیلنٹ کو میرٹ پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ معین خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی کھلاڑی کی صلاحیت کو اس وجہ سے نہیں روکا جا سکتا کہ وہ کسی سابق کھلاڑی کا بیٹا ہے، مستقبل کی صلاحیت تلاش کرنے کیلئے تمام اہل کھلاڑیوں کو کیمپ میں مدعو کر کے انہیں دیکھا جائے گا۔