رحیم یار خان (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب میں سیاسی سرگرمیاں تیز کر دیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا غاصبوں اور مفاد پرستوں سے لڑائی ہے۔ بھٹو شہید نے غریبوں کے حقوق کی خاطر بغاوت کی۔ بھٹو نے کہا تھا کہ جو تقسیم کریں وہ مفاد پرست ہیں بھٹو نے کہا تھا کہ متحد ہو جاؤ لیکن بھٹو کو بغاوت کی سزا شہید کر کے دی گئی ۔ ان کا مزید کہنا تھا بھٹو نے نعرہ لگایا تھا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔
شہید بھٹو امیر اور غریب کے لیے الگ الگ پاکستان نہیں چاہتے تھے آج بات کرنے والے بہت لیکن غریب کے لیے جان دینا صرف بھٹو جانتا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا میری محترمہ نے اپنے والد کے علم کو بلند کیا اور محترمہ نے غریبوں کے حقوق کی جنگ جاری رکھی جس کیلئے سسٹم کیخلاف بغاوت کی اور محترمہ شہید عورت ہونے کے باوجود ہر ظالم سے ٹکرائیں۔
شہید بھٹو کے نواسے نے پھر سے وہ جھنڈا اٹھا لیا ہے اور کبھی آپ کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب کا حال سب کے سامنے ہے جنوبی پنجاب کا کاشت کار بے حال اور وسائل سے محروم ہے جبکہ سندھ ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا بھی وسائل سے محروم ہیں۔ کسانوں کو شہید بھٹو کا ساتھ دینے کی سزا دی جا رہی ہے ۔ میاں صاحب آپ نے کسانوں سے اچھے مستقبل کا خواب چھین لیا۔