اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کی جانب سے جاری بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ وزیراعظم کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
وزیراعظم نے جمعرات کو ویکسین لگوائی اور پھر اسی دن اسلام آباد میں ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح بھی کیا جس میں زلفی بخاری سمیت دیگر لوگ ان کے ساتھ موجود تھے۔
اس کے بعد وزیراعطم نے کویت کے وزیرخارجہ سے بھی ملاقات کی جس میں ان سے دستاویزات کا بھی تبادلہ ہوا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز سوات موٹر وے کا دورہ بھی کیا تھا اور اس موقع پر وزیر مواصلات مراد سعید اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان بھی موجود تھے۔
انڈس اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر عبدالباری کا جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ویکسین لگانے کے بعد کورونا مثبت نہیں آتا، وزیراعظم کو ویکسین لگانے سے قبل ہی کورونا کا ایکسپوژر ہوا ہو گا کیونکہ ویکسین لگانے کے بعد کورونا نہیں ہوتا۔
ڈاکٹر عبدالباری کا کہنا تھا کہ ویکسین لگنے کے 2 سے 3 ہفتوں کے بعد اینٹی باڈیز بننا شروع ہوتی ہیں اسی لیے چینی ویکیسین کی دو ڈوز لگائی جاتی ہیں تاکہ اینٹی باڈیز زیادہ بن جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ وزیراعظم کو علامات بہت کم ہوں گی کیونکہ وہ خود کو فٹ بھی رکھتے ہیں اور آنے والے دنوں میں ان کی اینٹی باڈیز بھی بننا شروع ہو جائیں گی۔